عمران خان سچا اور کھرا، نہ ڈرنے والا اور نہ جھکنے والا آدمی ہے، ان کے خلاف بات کا میں جواب دیتا ہوں: چودھری پرویزالٰہی
January 6, 2023
Featured, News, Pictures, Urdu News
83 Views
عمران خان گھر بیٹھ کر بھی کام ہی کررہے ہیں، انکے سامنے میں اپنی بات کہہ دیتا ہوں جو اکثر ٹھیک نکلتی ہے، تجربے کا اپنا راستہ ہوتاہے جو اکثر صحیح ہوتاہے
شہبازشریف نے زندگی بھر میں جتنے جھوٹ بولے ہیں اس کی مثال نہیں، جھوٹ بولنے پر شہباز شریف کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہوگا
یہ لوگ مہنگائی کا طوفان ساتھ لائے ہیں، آتے ہیں اور ڈالر لے کر باہر چلے جاتے ہیں، واپسی پر اسحاق ڈالر لاتے ہیں، حکمران بے ایمان ہوں تو برکت اٹھ جاتی ہے
نیت نیک ہو تو اللہ تعالیٰ مدد کرتے ہیں، ن لیگ والوں نے پراپیگنڈہ کیا کہ پیسے کہاں سے لائینگے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بہت پیسے ہیں
گجرات یونیورسٹی میں 42کروڑ روپے سے گرلز ہاسٹل بنائینگے، 8 نئی بسوں کیلئے 15کروڑ روپے بھی دیں گے، آئی ٹی لیب بنائینگے
پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق اور ان کی ٹیم بہترین کام کررہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا یونیورسٹی آف گجرات میں کانووکیشن سے خطاب
لاہور 6 جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ عمران خان سچا او رکھرا آدمی ہے۔ وہ نہ ڈرنے والے ہیں، نہ جھکنے والے ہیں، کام کرنے والے ہیں۔ عمران خان کے خلاف جہاں غلط بات ہوتی ہے، میں جواب دیتا ہوں۔ عمران خان کہتے ہیں گھبرانا نہیں، محنت آپ نے کرنی ہے، نتیجہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیں۔ یونیورسٹی آف گجرات کے ساتویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہبازشریف نے زندگی بھر میں جتنے جھوٹ بولے ہیں اس کی کوئی مثال نہیں، جھوٹ بولنے پر شہباز شریف کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہے تاہم شریفوں نے اسے چھپایا ہواہے۔ شہبازشریف نے برسراقتدار آکر چودھری پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد پر کام بند کرایا۔ سمجھ نہیں آتی کہ یہ لوگ ایسے کام کیوں کرتے ہیں۔ شہبازشریف حکومت میں آکر بری طرح ایکسپوز ہوگیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ یہ لوگ مہنگائی کا طوفان اپنے ساتھ لائے ہیں۔ یہ لوگ آتے ہیں اور ڈالر ساتھ لیکر باہر چلے جاتے ہیں اور واپس اسحاق ڈالر لاتے ہیں۔ حکمران بے ایمان ہوں تو برکت اٹھ جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عمران خان گھر بیٹھ کر بھی کام ہی کررہے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں سمت کا تعین کر کے مستقبل کی طرف گامزن ہیں۔ عمران خان نے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیا۔ عمران خان کے سامنے میں اپنی بات کہہ دیتا ہوں جو اکثر ٹھیک نکلتی ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ہم نے قوم بنانے کی سمت طے کردی ہے۔ تجربے کا اپنا راستہ ہوتاہے جو اکثر صحیح ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔ نیت نیک ہو تو اللہ تعالیٰ بھی مدد کرتے ہیں۔ ن لیگ والوں نے پراپیگنڈہ کیا کہ یہ پیسے کہاں سے لائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارے پاس بہت پیسے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بھی احساس پروگرام کو استعمال کررہے ہیں۔ 2بچوں کے خاندان کو ماہانہ امداد دیں گے۔ بچوں کو تعلیم او رکتابیں مفت دے رہے ہیں، جنوبی پنجاب میں بچیوں کا وظیفہ 100فیصد بڑھا دیا۔ بچوں کیلئے سکولوں او رکالجوں میں ناظرہ او رترجمہ قرآن لازمی کردیا گیاہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ کوئی غلط کام نہیں کررہے، کامیابی سے ہمکنارہوں گے۔ نئی جنریشن کی بنیاد دین پر رکھ رہے ہیں۔ دین کے حوالے سے کام کئے ہیں، ختم نبوتؐ کے معاملے پر تاریخی کام ہوا۔ عام آدمی کو تعلیم، صحت او رعلاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا مقصد فلاحی مملکت کے ٹارگٹ کا حصول ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گجرات ضلع نہیں ڈویژن ہے، ہر لحاظ سے سنٹر آف ایکسیلینس بنائیں گے۔ کسی کو علاج یا تعلیم کیلئے باہر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ڈاکٹر بھی باہر سے لائیں گے۔ گجرات میں 700بیڈ کا چلڈرن ہسپتال بنائیں گے۔ کینسر کے علاج کیلئے سائبر نائف سے بہترسرجری کے آلات لائیں گے۔ گجرات میں ڈینٹل کالج الگ سے قائم ہوگا اور چودھری پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد کو 200بیڈ سے 400بیڈ تک اپ گریڈ کریں گے۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ گجرات انڈسٹریل اسٹیٹ ون ونڈو آپریشن کے تحت 6ماہ تک شروع ہوجائے گی۔ منڈی بہاؤالدین، حافظ آباداور وزیرآباد میں بھی ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کانووکیشن میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ گجرات یونیورسٹی میں 62فیصد طالبات ویمن ایمپاور منٹ کی بہترین مثال ہے۔ گجرات میں یونیورسٹی بننے سے ماحول بدل گیا، پڑھے لکھے بچوں نے لڑائی کا کلچر ختم کردیا۔ خوشی ہے کہ گجرات یونیورسٹی کی صورت میں جو پودا لگایا آج اس تن آور درخت کی چھاؤں سب بیٹھے ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے گجرات یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو سراہتے ہوئے کہاکہ پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق اور ان کی ٹیم بہترین کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر نہ کوئی ملک ترقی کرسکتا ہے نہ کوئی قوم بن سکتی ہے۔ دعائیں رنگ لائیں اور اللہ تعالیٰ کا دوبارہ خدمت کا موقع دیا۔ حالات پیچیدہ نہیں پیچ دار تھے، اللہ تعالیٰ نے موقع دیا۔ گجرات کی سرزمین کو 2نشان حیدر کا اعزاز حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیاکہ 9 ارب روپے کی لاگت سے اسٹیٹ آف دی آرٹ انجینئرنگ یونیورسٹی بنے گی۔ بچوں کو انجینئرنگ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد ملازمتیں بھی ملیں گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیاکہ یونیورسٹی آف گجرات کیلئے 42کروڑ روپے کی لاگت سے گرلز ہاسٹل بنائیں گے۔ گجرات یونیورسٹی کو 8 نئی بسوں کیلئے 15کروڑ روپے بھی دیں گے۔ گجرات یونیورسٹی میں 4کروڑ روپے کی لاگت سے آئی ٹی لیب بنائیں گے۔ آڈ ٹیوریم کی بات بھی چل رہی ہے، یو ایس ایڈ او ردیگر مخیر حضرات کے اشتراک سے بنائیں گے۔ قبل ازیں یونیورسٹی آف گجرات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق نے سپاس نامہ پیش کیا۔ لارڈ واجد خان کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی گئی۔ غزالہ یاسمین، حافظ محسن علی، کرن سرفرازسمیت 123طلبا وطالبات کو وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے گولڈ میڈل دئیے۔ اس موقع پر ایم این اے حسین الٰہی، رکن پنجاب اسمبلی عبداللہ یوسف، میاں عمران مسعود، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شاہدمنیر، پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین، سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ڈاکٹر سہیل انور بھی موجود تھے۔

