پنجاب بھر میں روزانہ 10 کلو آٹے کے 18 لاکھ 40 ہزار تھیلے سرکاری ریٹ پر دستیاب ہوں گے: چودھری پرویزالٰہی
January 8, 2023
Featured, News, Pictures, Urdu News
77 Views
فلور ملوں کیلئے گندم کا یومیہ سرکاری کوٹہ بڑھا کر ڈبل اور سیل پوائنٹس کی تعداد بھی دوگنا کر دی ہے
غریب آدمی کو گندم کی سستے دامو ں فراہمی کیلئے پنجاب احساس پروگرام کے ذریعے ٹارگٹڈسبسڈی دی جارہی ہے
صوبائی و ضلعی سطح پر عوام کو مقررہ قیمت پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں
لاہور 8 جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ گندم و آٹا کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فلور ملوں کیلئے گندم کا یومیہ سرکاری کوٹہ بڑھا کر ڈبل کر دیا گیا ہے اور صوبے بھر میں سیل پوائنٹس کو بھی دوگنا کر دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں روزانہ 10 کلو آٹے کے 18 لاکھ 40 ہزار تھیلے سرکاری ریٹ پر دستیاب ہوں گے۔ فلور ملوں کو ان کے اپنے مطالبے سے زیادہ 26 ہزار ٹن سرکاری گندم کل سے جاری کی جا رہی ہے۔ سرکاری کوٹہ بڑھنے سے نجی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت عام آدمی کو سبسڈی دے رہے ہیں تا کہ شہروں اور دیہات تک بھی یہ فائدہ پہنچ سکے۔ غریب آدمی کو گندم کی سستے دامو ں فراہمی کیلئے پنجاب احساس پروگرام کے ذریعے ٹارگٹڈسبسڈی دی جارہی ہے۔ پنجاب حکومت احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگو ں کوپہلے ہی آٹے کی سستے داموں فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی حاصل کرنے کیلئے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے احساس پروگرام میں شمولیت کی جا سکتی ہے۔ صوبائی و ضلعی سطح پر عوام کو مقررہ قیمت پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔