وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی صدارت میں مشاورتی اجلاس، سپیکر سبطین خان، صوبائی وزیر راجہ بشارت، ایم این اے حسین الٰہی کی شرکت
January 12, 2023
Featured, News, Pictures, Urdu News
75 Views
مسلم لیگ ن کی منفی سیاست کو پنجاب نے مسترد کر دیا، سازشیں دھری کی دھری رہ گئیں: چودھری پرویزالٰہی
گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن واپس ہونے سے اعتماد کے ووٹ کی کارروائی موثر ہو گئی، اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا، آئندہ بھی سرخرو ہونگے
رانا ثناء اللہ اور عطا تارڑ کو پنجاب میں عبرتناک شکست ہوئی، انکی قیادت جھوٹ بولنے کی ماہر ہے، عوام میں ان کی کوئی ساکھ نہیں: وزیراعلیٰ
پنجاب اسمبلی نے آئین وقانون کے مطابق اعتماد کے ووٹ کی کارروائی مکمل کی: سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان
گورنر نے اعتماد کے ووٹ کی قانونی حیثیت تسلیم کرتے ہوئے نوٹیفکیشن واپس لے لیا، وکیل نے اسمبلی کارروائی کو آئینی قرار دیا: راجہ بشارت
اجلاس میں پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی پر اظہار اعتماد کرنے والے ارکان اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا گیا
لاہور 12جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی صدارت میں مشاورتی اجلاس منعقدہوا، سپیکر پنجاب اسمبلی محمدسبطین خان، صوبائی وزیر راجہ بشارت، ایم این اے حسین الٰہی نے شرکت کی۔ اجلاس میں مشاورتی اجلاس میں سیاسی منظرنامے پر گفتگوکی گئی۔ عمومی صورت حال کا جائزہ اور آئندہ کی حکمت عملی پر غورکیاگیا۔ مشاورتی اجلاس میں اسمبلی میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی پر اظہار اعتماد کرنے والے ارکان اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گورنر پنجاب نے ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم واپس لے کر ہمارے موقف کی تائید کی۔ گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن واپس ہونے سے اعتماد کے ووٹ کی کارروائی موثر ہو گئی۔ انہوں نے کہاکہ رانا ثناء اللہ حقائق مسخ اور عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ عدالتی فیصلے کی من مانی تشریح کر رہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ اور ان کی قیادت جھوٹ بولنے کی ماہر ہے، عوام میں ان کی کوئی ساکھ نہیں۔ رانا ثناء اللہ اور عطا تارڑ کو پنجاب میں عبرتناک شکست ہوئی۔ پنجاب کے تخت پر قبضے کی خواہش رکھنے والوں کو راتو ں رات فرار ہونا پڑا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے سرخرو کیا، آئندہ بھی سرخرو ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کی منفی سیاست کو پنجاب نے مسترد کر دیا، سازشیں دھری کی دھری رہ گئیں۔ پنجاب اسمبلی پر شب خون مارنے کی کوشش کرنے والے اب روتے رہیں گے اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ سپیکرپنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے کہاکہ پنجاب اسمبلی نے آئین وقانون کے مطابق اعتماد کے ووٹ کی کارروائی مکمل کی۔ صوبائی وزیرراجہ بشارت نے کہاکہ گورنر نے اعتماد کے ووٹ کی قانونی حیثیت تسلیم کرتے ہوئے ڈی نوٹیفکیشن کا حکم نامہ واپس لے لیا۔ عدالت عالیہ نے گورنر کے وکیل نے اسمبلی کارروائی کو آئینی قرار دیا۔ رانا ثناء اللہ خفت مٹانے کیلئے پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ سماجی و سیاسی شخصیت اکبر خان اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
