Friday , February 3 2023
Breaking News
Home / Featured / میانوالی کوڈویژن کا درجہ دینے کی مشروط منظوری، نیا ڈویژن ضلع میانوالی اور ضلع بھکر پر مشتمل ہوگا، تلہ گنگ کاعلاقہ ملتان خورد کونئی تحصیل کا درجہ دے دیاگیا

میانوالی کوڈویژن کا درجہ دینے کی مشروط منظوری، نیا ڈویژن ضلع میانوالی اور ضلع بھکر پر مشتمل ہوگا، تلہ گنگ کاعلاقہ ملتان خورد کونئی تحصیل کا درجہ دے دیاگیا

وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 9 واں اجلاس، 5ماہ کی قلیل مدت میں 273ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے کا ریکارڈ
12 جنوری تک 273ارب روپے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت استعمال کئے، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں
زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت، جاری ترقیاتی پروگرام کا تسلسل جاری اور کام کی رفتار متاثر نہیں ہونی چاہیے: چودھری پرویزالٰہی
بلوچستان کو 21ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کی باقاعدہ منظوری، شروع دن سے نیت نیک ہے اور اللہ تعالیٰ نے اچھی نیت کا پھل دیاہے
اقلیتی قیدیو ں کیلئے مذہبی تعلیم مکمل کرنے اور ٹیوٹا کورسز کرنیو الے قیدیو ں کو سزا میں معافی دینے کی منظوری، وارڈنز کی اڑھائی ہزار آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری
میانوالی سے داؤد خیل تک 36کلومیٹر طویل سڑک اور میانوالی میں 33کلو میٹر طویل لکی تھامے والی روڈ کو سی پیک انٹرچینج سے منسلک کرنے کی منظوری
محکمہ پراسیکیوشن اور ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز کے افسروں اور ملازمین کیلئے 100فیصد خصوصی الاؤنس کی منظوری
کابینہ نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی فلاح عامہ کیلئے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا
لاہور 14جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 9 واں اجلاس منعقد ہوا، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے صوبائی کابینہ کے ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے 5ماہ کی قلیل مدت میں 273ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ 12 جنوری 2023تک 273ارب روپے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت استعمال کئے گئے، جس پر میں پنجاب کابینہ کی جانب سے چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، چیئرمین پی اینڈ ڈی واصف خورشید اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے چیف سیکرٹری اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ جاری ترقیاتی پروگرام کا تسلسل جاری رہنا چاہیے۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزجاری ترقیاتی پروگرام پر کام کی رفتار متاثر نہ ہونے دیں۔ عوام کا پیسہ عوامی فلاحی کاموں پر خرچ ہوتا ہے۔ عدلیہ بھی جاری منصوبوں کی تکمیل کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے۔ پنجاب کابینہ نے بلوچستان کو 21ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کی باقاعدہ منظوری دی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ صوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پیٹ کاٹ کر بلوچستا ن کے بھائیوں کو گندم دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شروع دن سے نیت نیک ہے اور اللہ تعالیٰ نے اچھی نیت کا پھل دیاہے۔ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ عمران خان کی سوچ کو لیکر آگے چل رہے ہیں۔ عمران خان ہمارے قائد اور کھرے لیڈرہیں۔ جس کسی کا بھی مسئلہ سنا، حل کرنے کی پوری کوشش کی۔ کابینہ، پنجاب اسمبلی، پولیس، انتظامیہ اور میڈیا ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پنجاب کابینہ نے میانوالی کوڈویژن کا درجہ دینے کی مشروط منظوری دی، میانوالی ڈویژن ضلع میانوالی اور ضلع بھکر پر مشتمل ہوگا۔ یونین کونسلوں کی حد بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد میانوالی کو ڈویژن کا باقاعدہ درجہ دیاجائے گا۔ تلہ گنگ کے علاقے ملتان خورد کوتحصیل بنانے کی مشروط منظوری دی گئی۔ جام پور کو ضلع کا درجہ دینے کی مشروط منظوری دے دی۔ داجل اور محمد پور کو جام پور کی نئی تحصیلیں بنانے کی مشروط منظوری دی گئی۔ اجلاس میں جام پور کو ضلع بنانے کیلئے مرحوم ایم این ا ے سردار جعفر خان لغاری کی کاوشوں اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یونین کونسلوں کی حد بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعدجام پور کو ضلع اور داجل، محمد پور اور ملتان خورد کو تحصیل کا باقاعدہ درجہ دیاجائے گا۔ میانوالی سے داؤد خیل تک 36کلومیٹر طویل سڑک کو سی پیک انٹر چینج سے منسلک کرنے کی منظوری دی گئی۔ میانوالی میں 33کلو میٹر طویل لکی تھامے والی روڈ کو سی پیک انٹرچینج سے منسلک کرنے کی منظوری دی گئی۔ اقلیتی قیدیو ں کیلئے مذہبی تعلیم مکمل کرنے پر سزا میں معافی کی منظوری دی گئی۔ ٹیوٹا کورسز کرنے و الے قیدیو ں کو سزا میں معافی دینے کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔ جیل وارڈنز کی منظورشدہ اڑھائی ہزار آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔ پنجاب تھیلے سیمیا اینڈ جینٹک ڈس آرڈر، پری ونشن اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ جی او آرمیں سرکاری رہائشگاہوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ لاہو رہائی کورٹ کی عمارت کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ لاہو رہائی کورٹ میں سائلین اور بزرگ وکلاء کیلئے لفٹ نصب کرنے کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔ فیصل آباد میں نئے کورٹ رومز کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ محکمہ پراسیکیوشن اور ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز کے افسروں اور ملازمین کیلئے 100فیصد خصوصی الاؤنس کی منظوری دی گئی۔ محکمہ خوراک میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر، فوڈ انسپکٹر اور فوڈ سپروائزرز کیلئے بھرتیوں کی منظوری دی گئی۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، شیخوپورہ، تلہ گنگ اور دیگر بار ایسوسی ایشنز کیلئے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی۔ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگری کلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر کے تقرر کیلئے قواعد وضوابط اور سرچ کمیٹی کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، تمام سیکرٹریز، کمشنرز، آرپی اوز اور ضلعی انتظامیہ کا بھرپور تعاون پر تہہ دل سے مشکور ہوں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے خا تم النبینﷺ یونیورسٹی کے قیام پر کابینہ کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ پنجاب کابینہ نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی فلاح عامہ کیلئے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ پنجا ب کابینہ نے کہاکہ آپ نے ہمیشہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا ہے۔ عمران خان کے ساتھ آپ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔ اجلاس میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، مراد راس، لطیف نذر، ڈاکٹر افضل اور دیگر ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

Check Also

I don’t know on what agenda this caretaker government has come, our close associates are being targeted and picked up: Ch Parvez Elahi

Ch Parvez Elahi strongly condemns the kidnapping of senior lawyer Amir Saeed Rawn by some …