وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا مثالی دور، پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا سسٹر صوبے بن گئے، کیلیفورنیا میں معاہدے پر دستخط
January 14, 2023
Featured, News, Urdu News
69 Views
چیئرمین پی اینڈ ڈی واصف خورشید نے پنجاب حکومت کی نمائندگی کی، سفیر مسعود خان، کریس آر ہولڈن، امریکی حکام اور ممتاز شخصیات کی شرکت
پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان ایم او یو کا اطلاق 2026 تک ہوگا، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا معاہدے کا خیرمقدم
پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ اور تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیات اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا
پنجاب اور کیلیفورنیاکے عوام میں باہمی دلچسپی کے امور کی نشاندہی ممکن ہوگی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں اضافہ ہوگا: چودھری پرویزالٰہی
لاہور 14جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا مثالی دور، پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا سسٹر صوبے بن گئے۔ وزیراعلیٰ کی ذاتی کاوشوں سے پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینے کا معاہدہ طے پا گیا۔ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ معاہدے پر دستخط کی تقریب کیلیفورنیا میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ واصف خورشید نے حکومت پنجاب کی نمائندگی کی۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان، کیلیفورنیا قانون ساز اسمبلی کی Appropriationsکمیٹی کے سربراہ کریس آر ہولڈن (Mr Chris R. Holden)، امریکی حکام اور ممتاز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان ایم او یو کا اطلاق 2026 تک ہوگا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر صوبے قرار دینا بہت بڑی پیش رفت ہے۔ معاہدے سے پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تجارتی، معاشی، کاروباری تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی اور تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ماحولیات اور ثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ پنجاب اور کیلیفورنیا کی ریاست کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ پنجاب اور کیلیفورنیا کے سسٹر سٹیٹ ریلیشن شپ سے باہمی تجارت بڑھے گی۔ دونوں سٹیٹس میں تعلیمی، ماحولیاتی اور ثقافتی روابط کو فروغ دیاجائے گا اور دونوں سسٹر سٹیٹس کے عوام کے درمیان معاشی، سماجی اور ثقافتی تعلقات بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیاکے عوام میں باہمی دلچسپی کے امور کی نشاندہی ممکن ہوگی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں اضافہ ہوگا۔