چودھری پرویزالٰہی اور حسین الٰہی کی عمران خان سے ملاقات، نگران وزیراعلیٰ کیلئے 3 ناموں پر اتفاق
January 15, 2023
Featured, News, Pictures, Urdu News
69 Views
احمد نواز سکھیرا، نصیر احمد خان اور ناصر سعید کھوسہ کے نام گورنر کو بھجوا رہے ہیں: چودھری پرویزالٰہی
ن لیگ کا رونا دھونا چل رہا ہے، ان کی شامت آنے والی ہے، شہباز شریف کو اب نیند آورگولیوں سے بھی نیند نہیں آنی
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی اور حسین الٰہی ایم این اے کی زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو
لاہور 15جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان سے نگران وزیراعلیٰ کے ناموں پر مشاورت ہوئی ہے اور ہم نے گورنر پنجاب کو نگران وزیراعلیٰ کیلئے تین نام دینے ہیں۔ عمران خان سے مشاورت کے بعد نگران وزیراعلیٰ کیلئے تین نام احمد نواز سکھیرا، نصیر احمد خان اور ناصر سعید کھوسہ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ہم یہ تینوں نام نگران وزیراعلیٰ کیلئے گورنر کو بھجوا رہے ہیں۔ اپوزیشن کھلے دل سے سوچے تو ان میں سے ایک نام پر اتفاق ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔ وہ آج رات گئے زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کل پارٹی کے عہدیداروں کی میٹنگ بلائی ہے، سینیٹر کامل علی آغابھی شرکت کریں گے۔ اس میٹنگ میں اہم مشاورت کی جائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ کا رونا دھونا چل رہا ہے، ان کی شامت آنے والی ہے۔ شہباز شریف کو اب نیند آورگولیوں سے بھی نیند نہیں آنی۔ ن لیگ والوں کی شکلیں دیکھیں، یہ گھبرائے ہوئے ہیں اور پی ڈی ایم والے چلے ہوئے کارتوس ہیں۔ ایم این اے حسین الٰہی اور حافظ فرحت عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔
