پاکستان عمران خان کے جھنڈے تلے بہت ترقی کرے گا، سب کوانکی صحت و سلامتی کیلئے دعائیں کرنی چاہئیں: چودھری پرویزالٰہی
January 20, 2023
Featured, News, Pictures, Urdu News
57 Views
وقت آگیا ہے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں، عمران خان ہر وقت عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کا سوچتے رہتے ہیں
لیڈر شپ عمران خان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہر سیکٹر میں بہترین ٹیم تیار کی، ساڑھے 5ماہ میں 5سال سے زیادہ کام کیا
دین کی خدمت عمران خان کا ویژن تھا، ہم نے بھرپور کام کیا، نکاح نامے میں عقیدہ ختم نبوت ﷺ کی شق شامل کی، خاتم النبین ﷺ یونیورسٹی بنائی
عام آدمی کی داد رسی نہ ہونے سے نظام پر سوال اٹھ جاتا ہے، عدلیہ کااحترام بہت ضروری ہے، اللہ تعالیٰ کے بعد عدالتیں ہی انصاف دے سکتی ہیں
جب بھی موقع ملا وکلا کی فلاح بہبود کیلئے کام کیا، ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوشن کے دفاتر قائم کئے، عام آدمی کیلئے پبلک ڈیفنڈر ایکٹ پیش کیا
وزیراعلیٰ پنجاب کا سپریم کورٹ بار، پنجاب بار، ہائی کورٹ بار، تحصیل و ڈسٹرکٹ بارز کیلئے20کروڑ گرانٹ کے چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب
خرم شہزاد ورک، عامر سعید راں، بیرسٹر علی ظفر، حسان نیازی، احمد اویس، جعفر بخاری، اختر جاوید اور دیگر نے بھی خطاب کیا
لاہور 20جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ پاکستان عمران خان کے جھنڈے تلے بہت ترقی کرے گا۔ ساڑھے 5ماہ میں 5سال سے زیادہ کام کرکے دکھایا۔ وقت آگیا ہے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔ عمران خان ہر وقت عام آدمی کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کا سوچتے رہتے ہیں۔ ہم سب کو عمران خان کی صحت و سلامتی کیلئے دعائیں کرنی چاہئیں۔ لیڈر شپ عمران خان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ عمران خان نے اوورسیز سمیت ہر سیکٹر میں بہترین ٹیم تیار کی۔ بار ایسوسی ایشنز میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ شریفوں نے اتنا عرصہ ملک پر حکومت کی لیکن آج اکیلے جا کر سبزی نہیں خرید سکتے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دین کی خدمت عمران خان کا ویژن تھا جس پر ہم نے بھرپور کام کیا۔ عمران خان کے ویژن کے مطابق نکاح نامے میں عقیدہ ختم نبوت ﷺ کی شق شامل کی، خاتم النبین ﷺ یونیورسٹی بنائی۔ ناظرہ اور ترجمہ قرآن طلبہ کیلئے لازمی قراردیا، جس کے بغیر کوئی ڈاکٹر، انجینئر یا وکیل نہیں بن سکتا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ حرمت قرآن کریم پورٹل کے ذریعے قرآن کریم کی تحریف اور توہین کو خود کار طریقے سے ختم کردیا جائے گا۔ جس کتاب میں نبی کریمﷺ کے نام مبارک سے پہلے خاتم النبینﷺ نہیں لکھاجائے گا، ضبط کرلی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی کی داد رسی نہ ہونے سے نظام پر سوال اٹھ جاتا ہے۔ عدلیہ کااحترام بہت ضروری ہے، اللہ تعالیٰ کے بعد عدالتیں ہی انصاف دے سکتی ہیں۔ 2002سے آج تک جب بھی موقع ملا وکلاء برادری کی فلاح بہبود کیلئے کام کیا۔ ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوشن کے دفاتر قائم کئے۔ عام آدمی کی داد رسی اور وکالت کیلئے پبلک ڈیفنڈر ایکٹ پیش کیا۔ وکلاء کو ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صحت کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ عمران خان کے پروگرام ہیلتھ کارڈ کے ذریعے کینسر کا بھی مفت علاج کیاجا رہا ہے۔ ڈویژن میں سائبر نائف اور لینر ایکسیلیٹر جیسی جدید طبی مشینری فراہم کی جارہی ہے۔ ایمرجنسی 1122 نے کم از کم وقت میں رسپانس کا ریکارڈ بنایا ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے سپریم کورٹ بار، پنجاب بار، ہائی کورٹ بار، تحصیل و ڈسٹرکٹ بارز کیلئے20کروڑ روپے گرانٹ کے چیکس تقسیم کئے گئے۔ خرم شہزاد ورک، عامر سعید راں، بیرسٹر علی ظفر، حسان نیازی، احمد اویس، جعفر بخاری، اختر جاوید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
