نگران پنجاب حکومت نے اگر اپنی اصلاح کرنی ہے تو نواز شریف اور شہباز شریف سے دور رہے: چودھری پرویزالٰہی
January 27, 2023
Featured, News, Pictures, Urdu News
113 Views
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی ملاقات، راجہ بشارت، چودھری ظہیر الدین، میجر (ر) اصغر حیات کلیار، جاوید اقبال خان کھچی، سہیل افضل گوندل، چودھری عارف گوندل اور چودھری لیاقت گوندل شریک
ملاقات میں سیاسی معاملات، پنجاب کی نگران حکومت کے کنڈکٹ پر بات چیت اور پنجاب میں انتقامی مقدمات اور گرفتاریوں کی پرزور مذمت
لاہور(27جنوری 2023) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق وزراء راجہ بشارت، چودھری ظہیر الدین، سابق ارکان صوبائی اسمبلی میجر (ر) اصغر حیات کلیار، جاوید اقبال خان کھچی، سہیل افضل گوندل، چودھری عارف گوندل اور چودھری لیاقت گوندل بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں سیاسی معاملات، پنجاب کی نگران حکومت کے کنڈکٹ پر بات چیت اور پنجاب میں انتقامی مقدمات اور گرفتاریوں کی پرزور مذمت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن شیڈول آنے کے بعد نگران حکومت غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات سے باز رہے، اگر پنجاب کی نگران حکومت نے اپنی اصلاح کرنا ہے تو نواز شریف اور شہباز شریف سے دور رہے، مخالفین کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات بنانا نواز شریف کا طرہ امتیاز رہا ہے، پنجاب حکومت شفاف انتخاب کیلئے خود کو آئینی رول تک محدود رکھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مولا جٹ فلم دیکھنے یا خود مولا جٹ بننے سے گریز کریں، نگران حکومت کے پاس جو اڑھائی ماہ ہیں اس میں نیک نامی کمائے، نگران حکومت کے کرتوتوں سے عوام خوش نہیں، سوائے شرمندگی کے انہیں کچھ نہیں ملے گا، لوگوں کو تنگ کرنا یا کیسز بنانے جیسے اقدامات نہ کئے جائیں، الیکشن کے بعد تحریک انصاف کی منتخب حکومت آئے گی تو انہیں بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔
